کراچی(نمائندہ خصوصی)
ایڈمنسٹریٹر کراچی، حکومت سندھ کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ برساتی نالوں کے ساتھ ساتھ کراچی کے تمام انڈر پاسیز سے برساتی پانی کی نکاسی کا خیال رکھا جائے، ناظم آباد انڈر پاس کاتعمیراتی کام جلد مکمل کرلیں گے غریب آباد، لیاقت آباد اور ناظم آباد انڈر پاسیز میں نکاسی کی نئی لائنیں ڈالی گئی ہیں ڈرینج سسٹم تبدیل کیا گیا ہے اور ان کے اوپر جو جالیاں لگائی گئی ہیں درآمد شدہ ہیں اور ایسے میڑ یل سے تیار کی گئی ہے کہ چوری کی صورت میں قابل استعمال نہیں ہونگی، یہ بات انہوں نے ناظم آباد انڈر پاس کے دورے کے موقع پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، میونسپل کمشنر افضل زیدی اور محکمہ انجینئرنگ کے متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کوریڈور ون میں واقع تینوں انڈر پاسز انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور کراچی کے متعدد علاقو ں کی ٹریفک ان انڈر پارسز میں 24 گھنٹے رواں رواں رہتی ہے، انہو ں نے کہا کہ ناظم آباد انڈر پاسیز کی دیواروں پر نئی اور خوبصورت ٹائلز لگائی گئی ہیں تاکہ یہ دیدہ زیب نظر آئیں جبکہ انڈر پاسیز میں روشنی کیلئے لائٹس کو بھی درست کیا گیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی کام جاری ہیں ساتھ ساتھ مون سون سیزن میں ہونے والی بارشوں کے پانی کے نکاسی کے لئے بھی انتظامات کئے جارہے ہیں، انہو ں نے کہا کہ کراچی کے نالوں کی صفائی کاکام جاری ہے اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چھوٹے نالوں کی صفائی کاکام تیز کریں انہوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی اداروں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ شہریوں کو بلدیاتی سہولت فراہم کریں، انہو ں نے کہا کہ عوام کو اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ کون سا علاقہ کس کی ذمہ داری کا حصہ ہے، عوام کو بلدیاتی سہولتیں درکار ہوتی ہیں اس لئے تمام ادارے مل جل کر اپنے فرائض انجام دیں