اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ کی حیثیت سے کمان سنبھال لی، سبکدوش نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے کمان ایڈمرل نوید اشرف کے حوالے کی ۔پاک بحریہ کیتبدیلی کمان کی تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں ہوئی جہا ں سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بحریہ کی کمان ایڈمرل نوید اشرف کوسونپی۔ نیوی کے جوانوں نے پاک بحریہ کے نئے چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ نئے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو مبارکباد پیش کی اور پاک بحریہ کو پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں پر خراج تحسین پیش کیا۔سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے شرکاءسے الوداعی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سیلاب میں ملک کی معیشت کو بہت نقصان پہنچا۔ جہاں بھی قدرتی آفات آئیں، پاک بحریہ تعاون میں پیش پیش رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک نیوی کی کمانڈ کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز تھا، اللہ کا شکر جس نے نیوی میں خدمات سرانجام دینے کا موقع دیا۔پاک بحریہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل ہے، پاک بحریہ کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کا مستقبل میں زندگیوں پر بہت عمل دخل ہو گا، مستقبل کے چیلنجز سامنے رکھتے ہوئے صلاحیت بڑھانا ناگزیر ہے۔ پاکستان مشترکہ کوششوں اور تعاون پر یقین رکھتا ہے، بلیو اکانومی کسی بھی ملک کے لیے انتہائی اہم ہوتی ہے ۔ ایڈمرل نوید اشرف نے 1989 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، امریکی نیول وار کالج اور برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹیڈیز سے فارغ التحصیل ہیں، اہم کمانڈ اور سٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، ایڈمرل نوید اشرف کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں، ایڈمرل نوید اشرف کو غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا جاچکا ہے۔