جیکب آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ جمہوریت پسند سیاستدان ہر مسئلے کا حل الیکشن میں دیکھتے ہیں،شہید ذوالفقار بھٹو کا روٹی کپڑا مکان کا وعدہ تھا وہ وعدہ ہم پورا کرنے جا رہے ہیں، سیلاب متاثرین سے کئے گئے وعدے پورے کرینگے ،سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرینگے ، متاثرین کیلئے اپنا گھر سکیم شروع کرینگے ،پیپلزپارٹی روٹی ، کپڑا ، مکان کا وعدہ پورا کرے گی ،موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اقدامات کرینگے ،زراعت کی بہتری کیلئے اقدامات کرینگے،پیپلز پارٹی انتخابات کیلئے ہر وقت تیار ہے ،چاہتے ہیں جلد الیکشن ہوجائیں تاکہ عوام کی خدمت کی جاسکے ،ہمیں زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی،پاکستانی عوام فلسطین کے عوام کے ساتھ ہیں ، مسئلہ کشمیر کو ہم نے دنیا کے ہر فورم پر اجاگر کیا ، فلسطین اور کشمیری بھائیوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گئے، مولانا فضل الرحمن جمہوری سیاستدان ہیں میرا نہیں خیال کہ وہ الیکشن مخالف ہیں،خواجہ آصف کی پریس کانفرنس پر خوشی ہوئی، نواز لیگ کا سارا بوجھ شریف خاندان کو نہیں اٹھانا چاہیے ،(ن) لیگ کے جو وزراءہمارے ساتھ اتحادی حکومت میں تھے معلوم نہیں کہاں غائب ہوگئے ہیں،ہمارا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ نواز شریف کو وطن واپس آنا چاہیے،پاکستان کے عوام اپنی سیاسی قیادت کی جانب دیکھ رہے ہیں، نگران حکومت کا اختیا ر محدود ہے چاہے بھی تو عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی،منتخب حکومت کا آنا بہت ضروری ہے ۔ جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار بھٹو کا روٹی کپڑا مکان کا وعدہ تھا، وہ وعدہ ہم پورا کرنے جا رہے ہیں، جیکب آباد دنیا کا گرم ترین مقام ہے، ہم اپنے انفراسٹرکچر اور زراعت میں سرمایہ کاری کریں گے، موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر ہمیں اپنے پورے نظام کو تبدیل کرنا پڑے گا، جس پروگرام کیلئے میں پرامید ہوں وہ اپنا مکان اپنا زمین ہے۔سیلاب زدہ علاقوں میں لوگوں کو پکا گھر بنا کردیں گے،الیکشن کیلئے صرف ایک جماعت ہروقت تیاری رہتی ہے، پنجاب میں سیلاب آیا لیکن میڈیا اور کسی سیاستدان کو نظر نہیں آیا، جب وزیرخارجہ تھا تو ہر فورم پر فلسطین کے عوام کی آواز اٹھائی، موجودہ صورتحال پر صرف اتنا ہی کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ سے فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، جو بھی ہم سے ہوسکا کریں گے، یہ صرف پیپلزپارٹی ہی نہیں ہر پاکستانی کی سوچ ہے۔میں نے بھارت کی زمین پر جاکر کشمیری عوام کی نمائندگی کرنے کی کوشش کی۔ جمہوری سیاستدان یہی کہیں گے مسائل کا حل الیکشن ہیں، جمہوریت پسند سیاسی جماعتیں ہرمسئلے کا حل الیکشن میں دیکھتے ہیں۔ عوام کو ووٹ کے حق کا موقع ملنا چاہیے۔جو بھی حکومت میں آئے گا ان کو عوام کی نمائندگی کرنے میں آسانی ہوگی، جب منتخب ہوگی تو مشکلات نہیں ہوں گی،میرا نہیں خیال کہ مولانا فضل الرحمان جیسا سیاستدان جوایم آرڈی، اے آرڈی کا حصہ رہے ، وہ الیکشن کے خلاف کوئی بیان نہیں دیں گے، ہم سب جمہوری جماعتیں ہیں ہم ہمیشہ الیکشن کیلئے تیار رہتے ہیں۔شکر ہے خواجہ آصف بھی آج نظر آئے، مسلم لیگ ن کا سارا بوجھ شریف فیملی کو نہیں اٹھانا چاہیئے، نوازشریف اتنے عرصے بعد پاکستان آرہے ہیں، میں توان کے استقبال کی تیاریوں سے مطمئن نہیں ، محترمہ بے نظیر بھٹو جب واپس آرہی تھیں تو اعلان سے لے کر واپسی تک جشن کا سماں تھا۔ پورے ملک میں ہر گلی میں پیپلزپارٹی کے پرچم تھے۔ مہنگائی عوام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ، نگران حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے۔ الیکشن ہونے چاہئیں، چاہتے پیپلزپارٹی یا ن لیگ جیتے، جو بھی جیتے الیکشن کرائے جائیں تاکہ عوام کو مہنگائی میں ریلیف دیا جاسکے۔