اسلام آباد(کورٹ رپورٹر) سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈپروسیجرکیس کی تیسری سماعت کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ۔پیر کوبراہ راست سماعت کی جائیگی اس حوالے سے بنچ بھی تشکیل دیاجاچکاہے۔ چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔سپریم کورٹ کی جانب سے فریقین کواطلاعاتی نوٹسزبھی جاری کیے جاچکے ہیں۔پیر کوفیصلہ آنے کابھی قوی امکان ہے چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ بھی کہہ چکے ہیں کہ تین وکلاءکوسن کرفیصلہ کردیں گے۔ انھوں نے وکلائ کوتیاری کرکے آنے کو بھی کہاہواہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈپروسیجرایکٹ 2023کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت پیر تک کے لیے ملتوی کی گئی تھی جبکہ عدالت نے مسلم لیگ ن ،ایم کیوایم سمیت دیگر باقی رہ جانے والے وکلائ کوتیاری کرکے پیش ہونے اور تحریری دلائل بھی جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔عدالت نے کہاتھا کہ پیر کوسماعت مکمل کرکے فیصلہ دیں گے۔فل کورٹ بنچ کے سربراہ چیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی نے ریمارکس دیے ہیں کہ جب مارشل لائ لگتے ہیں تو ہتھیارپھینک دیتے ہیں، پارلیمان کچھ کرے رتو سب کو حلف یاد آجاتا ہے،پارلیمنٹ کوقانون سازی کااختیارہے ، یہ قانون مستقبل کے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے سینئر ججز پر بھی لاگو ہوگا،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 15 رکنی فل کورٹ بینچ میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔