کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی کے قدیمی قبرستان سے ڈھانچوں کی چوریوں کا انکشاف ہوا ہے، علاقہ مکینوں نے دعوی کیاہے کہ گڈاپ کے 4 سو سال پرانے قبرستان سے نامعلوم افراد نے قبر کھود کر انسانی ہڈیاں چرالی ہیں۔علاقہ مکینوں نے بتایاکہ جب علاقے کے مقامی لوگ وہاں سے گذرے تو ہڈیاں قبر کے قریب بکھری ہوئی تھی اور قبریں کھدی ہوئی ملیں، علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے آثار قدیمہ، حکومت سندھ، سیکیورٹی ادارے ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔
دوسری جانب پولیس نے بتایاکہ علاقے میں یہ افواہ بھی تھی کہ ان قبروں میں خزانے ہیں ممکن ہے کسی نے لالچ میں کھودی ہوں، یہ پہاڑی علاقہ ہے عام طور پر یہاں سے کسی کا گزر نہ ہونے کے برابر ہے۔پولیس حکام کے مطابق 4 سو سال پرانے قبرستان میں 13 قبریں موجود ہیں، صرف ایک قبر کھدی ہوئی ملی ہے جبکہ مکینوں نے بتایاکہ اپنی مدد آپ کے تحت باقی قبروں کو بعد میں بند کردیا گیا تھا۔پولیس حکام کے مطابق اطلاع دینے والے کسی شخص نے مقدمہ درج کروانے کے لئے تاحال رابطہ نہیں کیا، واقعہ کے متعلق تحقیقات اور معلومات حاصل کررہے ہیں، ٹھوس شواہد ملتے ہی قانونی کاروائی کی جائے گی۔