کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت نے گذشتہ روز سندھ سروسز اسپتال کراچی اور سندھ کیمیکل لیبارٹری کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسپتال میں داخل مریضوں سے ان کے علاج و معالجے کے بارے میں ،طبی اور نیم طبی عملے کی کارکردگی اور مریضوں کو دی جانیوالی ادویات اور خوارک کی تفصیلات بھی حاصل کیں ۔اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ نے سول سرجن کراچی ڈاکٹر آغا زبیر کے دفتر میں افسران کیساتھ اہم اجلاس کی صدارت بھی کی۔ چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت کا اجلاس میں کہنا تھا کہ حکومت سندھ صوبے بھر میں صحت کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے مﺅثر اقدامات کر رہی ہے ،ہمارے اقدامات لائق تقلید اور طبی و نیم طبی عملہ ہمارا قیمتی سرمایہ ہے ۔چیف سیکریٹری سندھ نے سروسز اسپتال میںمریضوں کے علاج و معالجے ،طبی اور نیم طبی عملے کی خدمات اور مریضوں کو ادویات اور خوارک کی مسلسل فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسپتال میں صفائی ستھرائی کیساتھ انتظامی نظم و ضبط کو بھی سراہا ۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی اداروں میں کامیابی کیلئے نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل کر کے ہی ہم اپنی خدمات اور کارکردگی کو بہتر بناسکتے ہیں اس موقع پر اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے چیف سیکریٹری سندھ کو سندھ اسمبلی ،سندھ ہائی کورٹ اور سٹی کورٹ میں دی جانیوالی طبی سہولتوں کی تفصیلات اور اسکے شفاف طریقہ کار اور اسپتال میں میڈیکل بورڈ کی کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کی جس پر چیف سیکریٹری سندھ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال میں نئی ایمبولینس کی فراہمی کے علاوہ چند خالی اسامیوں پر تعیناتی کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سندھ کیمیکل لیبارٹری میں جدید تشخیصی مشینوں کی تنصیب کے مثبت نتائج آئیں گے ۔چیف سیکریٹری نے کہا کہ صحت کا محکمہ دکھی انسانیت کی خدمت کا شعبہ ہے اس شعبے میں فرض شناسی کے عنصر میں کبھی کمی نہیں آنی چاہیئے ۔