اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )پاکستان کسان اتحاد کے سربراہ خالد محمود کھوکھر نے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ، ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک سے ملاقات کی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو وزارت سنبھالنے پر کسانوں کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت کی طرف سے مبارکباد دی اور ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ ہماری توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ ہمارے کسانوں کا استحصال نہ ہو اور انہیں منڈی میں مناسب ریٹ ملیں۔ خالد کھوکھر نے انہیں یوریا کی عدم دستیابی اور بلیک میں مہنگے داموں ملنے کے متعلق کسانوں کی تشویش سے آگاہ کیا۔ربیع کے آغاز پر اس قسم کے واقعات ہماری گندم کی بوائے اور پیداوار پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کسانوں کے بجلی کے واجبات کی قسطوں میں چار سال کے اندر ادائیگی کے متعلق بھی کسان اتحاد کی جانب سے تجویز پیش کی۔وفاقی وزیر نے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا اور جائز مطالبات کو کو پورا کرنے کے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔