اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق وزیراعظم نواز شری کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی کے معاملے پر قانونی ٹیم نے نواز شریف کی واپسی پر حفاظتی ضمانت سمیت تمام قانونی امور پر ہوم ورک مکمل کرلیا ہے،نواز شریف کی آمد اور مصروفیات پر شیڈول بھی مرتب کرلیا گیا، شیڈول کے مطابق نواز شریف لندن سے سعودیہ اور عمرہ ادائیگی کے بعد قطر اور پھر دبئی آئینگے، دبئی میں کچھ اہم مشاورت اور اہم ملاقاتوں کے بعد دبئی سے لاہور روانہ ہونگے،پاکستان آمد سے قبل ان کی چند روز کی حفاظتی ضمانت لی جائیگی، قانونی ٹیم نے نواز شریف کی حفاظتی ضمانت سمیت دیگر امور پر ہوم ورک مکمل کرلیا،میاں نواز شریف کو وطن واپسی، قانونی امور پر بریفنگ بھی دیدی گئی، نوازشریف کی پاکستان آمد کیساتھ ہی ن لیگ کی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز ہوجائیگا، مینار پاکستان پر جلسہ کیلیے میاں نواز شریف کو ائر پورٹ جلسہ گاہ لایا جائیگا، نواز شریف پہلے انتخابی و استقبالی جلسہ سے خطاب کے دوران ن لیگی منشور اور بیانیہ پیش کریں گے، نوازشریف پہلے جلسہ کے بعد قانونی ٹیم کی مشاورت سے عدالت سے اپنے کیسز پر رجوع کریں گے، نواز شریف کی ٹیم قانونی طریقہ کار کے مطابق مستقبل ضمانت کی استدعا بھی عدالت سے کریگی، ن لیگ کی قانونی ٹیم کو میاں نواز کی مستقل ضمانت اور کیسز کے ری ٹرائل کی قوی امید ہے۔