اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ آج (پیر)کو بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اور سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی رقم شامل کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کر ے گی اس کیس میں بجلی کے بلوں میں بے تحاشااضافہ بارے بھی بات کی جائیگی اورکمپنیوں سے اس بارے سوالات کیے جائیں گے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کر ےگافاضل بنچ بجلی کے حوالے سے کیس کی سماعت کے ساتھ ساتھ روز مرہ سول ، فوجداری ، ٹیکس ، نیب ، سروس اور دیگر نوعیت کے عام کیسز زیر سماعت لائے گا۔بجلی کے بلوں کے حوالے سے کیس میں اطلاعاتی نوٹسزجاری کیے جاچکے ہیں وفاقی حکومت سمیت دیگرتقسیم کار کمپنیوں کے وکلائ عدالت میںپیش ہوں گے اٹارنی جنرل پاکستان بھی پیش ہوں گے۔ مختلف الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کی جانب سے1090 درخواستیں سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھیں۔واضح رہے کہ چندروزقبل ہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1 روپے 46 پیسے مہنگی کردی گئی۔اس حوالے سے نیپرا نے نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق اضافہ جولائی کے ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا، صارفین سے اضافہ ستمبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔