ملتان (سٹاف رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کا انٹرا پارٹی الیکشن، علامہ اقتدار حسین نقوی آئندہ تین سال کے لیے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے صدر منتخب ہوگئے۔ نومنتخب صدر کا اعلان مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کیا۔ انٹرا پارٹی الیکشن میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے سربراہان نے شرکت اور اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ نومنتخب صدر سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حلف لیا۔ اس موقع پر علامہ قاضی نادر حسین علوی، محمد اصغر تقی، سلیم عباس صدیقی، آصف رضا ایڈووکیٹ، علامہ غلام مصطفی انصاری، علامہ شبیر بخاری، غلام حسنین انصاری، پروفیسر شاہد عباس اور طاہر خورشید نے خطاب کیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس ملک میں کمزور اور مستضعفین کی آواز بنیں گے۔ ہم اس ملک کو امریکی کالونی نہیں بننے دیں گے۔ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو استوار کرنا آئین پاکستان کے ساتھ غداری ہے، جو لوگ اسرائیل کے ساتھ پینگیں بڑھانے کے لیے بے تاب ہیں وہ پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں ہیں، پاکستانی قوم کبھی بھی کشمیریوں اور فلسطینیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ اس ملک میں قائد اعظم کے بیٹے موجود ہیں جو صیہونی لابی کو منہ توڑ جواب دے گی۔ نومنتخب صدر علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ پاکستان امریکی مداخلت کے باعث ہر دور میں مشکلات کا شکار ہے۔ جب تک ہم اپنے فیصلے خود نہیں کریں گے دشمن ہم پر مسلط رہے گا۔ بدقسمتی سے ماضی میں حکمرانوں نے امریکی خوشنودی کے لئے فیصلے کیے جو ملک کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئے ہیں۔