کابل ( نیٹ نیوز) افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان کابل میں 2دن قبل مذاکرات مکمل ہوئے، ہوسکتا ہے اس بار مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچ جائیں،مذاکرات ناکام ہوئے تو کسی کو افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پاکستانی طالبان غیرمعینہ مدت تک طویل جنگ بندی کا اعلان کرچکے ہیں، جنگ بندی سے حملوں کا سلسلہ رکا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان کابل میں مذاکرات مثبت انداز میں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی میں مذاکرات کیلئے ہمارا کردار ثالث کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات ناکام ہوئے تو کسی کو افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے۔