اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے عید میلاد النبی کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر اپنے پیغام میں مسلمانانِ عالم اسلام اور خاص طور پر اہل وطن کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس پر نور مقدس موقع پر اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ اس بابرکت دن کی فضلیت وسعادت سے ہر مسلمان کا دل نور سے منور کر دے اور وطن عزیز کو اس مقدس دن کی نسبت سے اپنی رحمتوں سے مالا مال اور درپیش مسائل سے نجات دلائے۔خاتم النبین آنحضرت محمد صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ بنی نوع انسان اور تمام کائنات کے لئے رحمتہ العالمین بن کر تشریف لائے۔ اس لحاظ سے 12 ربیع ا لا ول کا دن اسلامی تاریخ کا ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کیلئے عظیم ترین دن کا درجہ رکھتا ہے۔یہ دن تمام انسانوں کو نسلی، علاقائی، طبقاتی، لسانی اور جغرافیائی تعصبات کی دلدل سے نکال کر واحدانیت، امن و محبت اور ا تحاد و یگانگت کا درس دیتا ہے۔ اخوت،بھائی چارے اور مساوات کی فضاءقائم کرنے کے لئے اسوہ حسنہ رسول کی پیروی ناگریز ہے۔ ہماری بقا ءاور دینی و دنیاوی کامیابی کا انحصار اسوہ حسنہ کی مکمل پیروی پر منحصر ہے۔ آج اس با سعادت دن کو منانے کا سب سے احسن طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے کردار، گفتار، اخلاق اور عمل سے یہ ثابت کریں کہ ہم رحمتہ العالمین کے امتی ہیں اور پیارے پیغمبر کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے اندر اتحاد واتفاق، محبت ورواداری اور احساس جیسے نایاب اوصاف پیدا کریں گے جو ہمارے ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے راہیں ہموار کرنے میں معاون ثابت ہوں۔