نیویارک ( نمائندہ خصوصی)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ عالمی اداروں کو سیلاب کے بعد پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں بدترین معاشی بحران پیدا ہوا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان سے کیے گئے امداد کے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری نے پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی کیلئے 16.4 ارب ڈالر کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اقوام متحدہ کے 78 ویں جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی امداد پر زرو دیتے ہوئے اسے عالمی برادری کیلئے اخلاقی فریضہ قراردیا۔ انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کو ایک سال گزر جانے کے باوجود اب تک لاکھوں بچے بنیادی سہولیات اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کے منتظر ہیں۔ ڈینس فرانسس نے لکھا یہ ہمارا اخلاقی فریضہ بنتا ہے کہ اس امتحان میں پاکستان اور اس کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔ انہوں نےمزید لکھا کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور یو این سسٹم کو بحالی اور تعمیر نو کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرنی چاہیے۔