لاہور(نمائندہ خصوصی)سانحہ 9 مئی کو جناح ہاوس حملہ سمیت دیگر مقدمات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پراسیکیوشن نے 9 مئی کو جناح ہاوس حملہ سمیت دیگر مقدمات کے چالان انسداد دہشتگردی عدالت میں جمع کرادیے ہیں۔ پراسیکیوشن کی جانب سے سانحہ 9 مئی کے مقدمات کے جو چالان عدالت میں جمع کرائے گئے ان مقدمات میں سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ اور سابق وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نامزد ہیں۔ اس کے علاوہ چالان میں خدیجہ شاہ اور صنم جاوید سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔ پراسیکیوشن نے جناح ہاوس حملہ کیس، عسکری ٹاور حملہ، شادمان تھانہ جلانے اور شیر پاو پل پر جلاو گھیراو کے مقدمے کا چالان بھی عدالت میں داخل کرایا ہے۔ واضح رہے کہ 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنان نے اہم سرکاری اور دفاعی اداروں کی عمارتوں کو نشانہ بنایا جس میں شہدا کی یادگاروں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ سانحہ 9 مئی کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے کئی رہنماوں کو گرفتار کیا جن میں اعجاز چوہدری، میاں محمود، شہریار آفریدی، عمر سرفراز، یاسمین راشد اور دیگر شامل ہیں۔