کندھ کوٹ (نمائندہ خصوصی) گھر میں راکٹ کا گولہ پھٹنے سے 5 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے گھوڑہ گھاٹ کے ایک گھر میں راکٹ کاگولہ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 5 بچے بھی شامل ہیں جب کہ دھماکے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہےکہ راکٹ کاگولہ بچوں کو زرعی زمین سے ملاتھا اور بچے یہ گولہ گھر لے آئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں کو طلب کیا گیا جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جب کہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق کچھ روز قبل دو گروپوں کے درمیان لڑائی میں راکٹ فائر کئے گئے۔ دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ راکٹ لانچر گوٹھ میں کیسے پہنچا، کوئی اسلحے کی کھیپ کچے میں اسمگل ہو رہی تھی؟ کیاگوٹھ میں ڈکیتوں کے سہولت کار موجود ہیں؟ راکٹ لانچر کیسے بلاسٹ ہوا تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔