اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تعاون سے آئندہ سال کا حج آپریشن مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ کیا جائے گا تاکہ عازمین اور حجاج کرام کو تمام امور سے بروقت آگاہی ہو اور کسی بھی قسم کی شکایات کا اندارج اوراس کا فوری ازالہ کیا جاسکے گا۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدرات نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کی جبکہ شریک چیئرمین وزیر مذہبی امور انیق احمد بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس کے دوران حکام نے حج آپریشن میں اب تک استعمال ہونے والے سسٹم کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔نگراں وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق عازمین حج کی سہولت وآگاہی کیلئے موبائل ایپلی کیشن، ویب پورٹل کی تیاری کی جائے گی تاکہ مناسک حج سے متعلق سہولیات اورشکایات کے انداراج کو ڈیجیٹلائزڈ کیا جاسکے۔ اس سسٹم کے ذریعے عازمین اور حجاج کرام حج آپریشن اور سہولیات سے متعلق اپنا فیڈ بیک ڈیجیٹلی طور پر دے سکیں گے۔ ڈاکٹرعمرسیف نے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل مکمل ہونے تک حج آپریشن کے موجودہ سسٹم کو فوری اپ گریڈ کرنے اور اس کی خامیاں دورکرنےکی ہدایت کی اور چیف ایگزیکٹیو نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ہدایت کی کہ ایکسپرٹ ٹیم وزارت حج میں تعینات کی جائے جو سسٹم کی نگرانی کرسکے۔ قبل ازیں کمیٹی کے شریک چیئرمین نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ حج آپریشن سے متعلق موجودہ سسٹم کو اپ گریڈ کرنےکی ضرورت ہے، چاہتے ہیں وزارت آئی ٹی اس ضمن میں تکنیکی اور ماہرانہ معاونت فراہم کرے۔