اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی نے سینیٹ اجلاس کے لئے جمع کرائی گئی ریکوزیشن مسترد کرنے کے معاملے پرچیئرمین سینیٹ سے سینیٹ کا اجلاس بلانے کا ایک بارپھر مطالبہ کردیا ہے اس حوالے سے پیپلزپارٹی نے چیئرمین سینیٹ کو خط لکھ دیا ہے ۔خط سینیٹر تاج حیدر کی جانب سے لکھا گیا خط میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ سیکرٹریٹ نے فون پر بتایا کہ ریکوزیشن سے پانچ اراکین نے اپنے دستخط واپس لئے ہیں سینیٹ سیکرٹریٹ سے ان پانچ اراکین کے نام پوچھے جو ہمیں نہیں بتائے گئے،کیا اراکین نے دستخط واپس لینے کے لئے تحریری طور پر سینیٹ سیکرٹریٹ کو لکھا؟ کیا سینیٹ سیکرٹریٹ نے ان اراکین سے تحریری طور پر دستخط واپس لینے کا کہا؟آئین اور رولز کسی کو دستخط واپس لینے کا اختیار نہیں دیتا، خط میں مزید کہا گیا کہ چیئرمین سینیٹ یا سینیٹ سیکرٹریٹ فیصلہ کنندہ کا کردار کیسے ادا کر سکتا ہے؟آئین چیئرمین سینیٹ آفس کو فیصلہ کنندہ ہونے کا اختیار نہیں دیتا،آئین کے تحت چیئرمین سینیٹ کا دستخط واپس لینے میں کوئی کردار نہیں، اس وقت غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،عوام کو درپیش مشکلات کے دوران ایوان بالا بے حس نہیں بن سکتا،امید ہے کہ آپ ریکوزیشن مسترد کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کریں گے،امید رکھتے ہیں کہ عوام کے مفاد میں آپ سینیٹ کا اجلاس بلائیں گے۔