اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید میلاد النبی کے موقع پر قیدیوں کی سزاوں میں 90 روز کی کمی کی منظوری دےدی ہے۔ صدر مملکت نے سزاوں میں کمی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت دی ہے ، سزاوں میں کمی کا اطلاق قتل ، جاسوسی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔سزاوں میں کمی کا اطلاق زنا، چوری ، ڈکیتی ، اغوائ اور دہشت گردی میں سزا یافتہ مجرموں ، مالی جرائم اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرموں پر بھی نہیں ہوگا۔سزا میں کمی کا اطلاق غیر ملکی افراد ایکٹ، 1946 اور منشیات کنٹرول (ترمیمی) ایکٹ 2022 ء کے تحت سزا یافتہ افراد پر نہیں ہوگا جبکہ65 سال سے زائد عمر کے مرد قیدی جو اپنی ایک تہائی قید کاٹ چکے ، ان پر اطلاق ہو گا۔60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدی جو ایک تہائی قید کاٹ چکی ہیں اور 18سال سے کم عمر افراد جو اپنی ایک تہائی سزا کاٹ چکے ہیں ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔