کراچی(نمائندہ خصوصی) سندھ کم از کم اجرت بورڈ نے سندھ بھر کی فیکٹریوں میں اجرت پر کام کرنے والے ہنر مند اور غیر ہنر مند ورکرز کی کم سے کم اجرت بالترتیب 33280 روپے اور 32000 روپے ماہانہ مقرر کی ہے۔ سندھ کم از کم اجرت بورڈ کے چیئرمین ذوالفقار علی نظامانی کے ایک بیان کے مطابق ان اجرتوں کا اطلاق یکم جولائی 2023 سے ہوگا۔ اس سلسلے میں آجر 14 دن کے اندر اپنے اعتراضات چیئرمین سندھ کم از کم اجرت بورڈ کو جمع کروا سکتے ہیں۔ چیئرمین سندھ کم از کم اجرت بورڈ ذوالفقار علی نظامانی نے ورکرز کو کم از کم اجرت ادا نہ کرنے والوں کو متنبہ کیا ہے کہ ورکرز کو کم از کم اجرت ادا نہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔