اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے ہردیپ سنگھ نجر قتل کے حوالے سے انٹیل جنس ایجنسیوں کے اتحاد ‘فائیو آئیز’ کی رپورٹ پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے بہیمانہ قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت آ گئے ہیں،ہردیپ سنگھ نجر کا قتل کینیڈا میں بھارتی انٹیلی جنس کے اسٹیشن چیف کی نگرانی میں ہوا ہے بھارت نے کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں اپنے ہائی کمیشن کو اس تخریب کاری اور قتل کے واقعے میں استعمال کیا،مودی سرکار اس سچ کو اب نہیں جھٹلا سکتی، شیری رحمان نے کہا کہ قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کی تصدیق کسی ایک ملک نے نہیں بلکہ امریکا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، برطانیہ، اور کینیڈین انٹیلیجنس ایجنسیوں کے اتحاد "فائیو آئیز” نے کی ہے، بھارت اس سے پہلے پاکستان میں بھی تخریب کاری کے واقعات میں ملوث رہا ہے،بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستاب میں بھارتی مداخلت اور تخریب کاری کا زندہ ثبوت ہے، لیکن پہلی بار بھارتی ریاستی دہشتگردی اور مذموم مقاصد عالمی دنیا میں بے نقاب ہوئے ہیں،مودی سرکار کو اپنی سرحد پار ریاستی دہشتگردی کی جوابدہی عالمی عدالت میں دینی ہوگی۔