اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا پولیس لائن ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا،سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی، آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے استقبال کیا،وزیرِ داخلہ نے یادگار شہداءپر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی،وزیرِ داخلہ نے سنٹرل پولیس آفس کا بھی دورہ کیا اور خواتین ڈرائیونگ سنٹر کا افتتاح کیا،وزیرِ داخلہ کوافسران کے ساتھ ملاقات میں تفصیلی بریفنگ دی گئی،آئی سی سی پی او نے وزارت داخلہ کا ہرسطح پر اسلام آباد پولیس سے تعاون پر شکریہ ادا کیا،آئی سی سی پی او نے وزیر داخلہ کو اسلام آباد پولیس کی کامیابیوں اور اقدامات کے متعلق آگاہ کیا، اسلام آباد میں جرائم کے حوالے سے بھی بریفنگ دی،آئی سی سی پی او نے کہا کہ رواں سال گزشتہ سال کی نسبت کرائم میں کمی واقع ہوئی،اسلام آباد پولیس منشیات کے خلاف بھرپور مہم چلا رہی ہے، غیرقانونی رہائش پذیر غیرملکیوں کی ملک بدری کا پلان زیر بحث لایا گیا،وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کو گزشتہ سال اسلام آباد میں امن و عامہ کی صورتحال کو پرامن طریقہ سے نمٹانے پر شاباش دی اور کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید تکنیکی صلاحیتوں سے لیس کیا جائیگا،تمام افسران جوانمردی اور دل لگی سے فرائض ادا کریں، ریاست کی بالا دستی کو ہرصورت قائم رکھا جائے گا،تمام افسران شہریوں سے شائستہ رویہ اپنائیں اور ان کے مسائل کو حل کریں،شہداء ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کردیا، شہادت جیسی سعادت صرف نصیب والوں کو ملتی ہے۔