کراچی(نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر نے 6 سب رجسٹراروں اور بورڈ آف ریونیو کے سپرنٹنڈنٹ کے خلاف بدعنوانی کی سنگین شکایات موصول ہونے کے بعد ان کے فوری تبادلے کرنے اور انکی جگہ اچھی شہرت کے حامل افسران کو تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر ریونیو یونس ڈھاگا سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے چھ سب رجسٹرار بدرمیتلو، شکیل وگھیو، ندیم بلوچ، اقبال حسین، اسماعیل راہپوٹو اور آصف سرکی سمیت ایک آفس سپرنٹنڈنٹ کو ہٹانے کی ہدایت کی۔ جسٹس باقر نے مختیارکاروں اور دیگر ریونیو افسران کے تبادلوں/تعینات میں بدعنوانی میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر بورڈ آف ریونیو کے آفس سپرنٹنڈنٹ ضیا شاہ کو ہٹانے کی بھی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ ان افسران کو حال ہی میں تعینات کیا گیا تھا اور اب ان کے فوری تبادلے کا حکم دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بورڈ آف ریونیو کو ان کے خلاف انکوائری شروع کرکے رپورٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔