کراچی (کامرس رپورٹر) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈڈیولرز (آباد)کے سابق چیئرمین،وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے سینئر نائب صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے رہنما محمد حنیف گوہر نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی دعوت پر وفاقی وزیر تجارت اعجاز گوہر کے ساتھ ہونے والی تقریب میں پیش آنے والے انجم نثار کے معتصبانہ اور غیر پیشہ ورانہ رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انجم نثار کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشن(ڈی جی ٹی او)پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ حنیف گوہر نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ایک ویژنری لیڈر ہیں اور بزنس کمیونٹی میں انھیں عزت اور احترام حاصل ہے۔اعجاز گوہر کولاہور چیمبر کی جانب سے وفاقی وزیر اعجاز گوہر کو بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہی کے لیے دعوت دی گئی تھی اور توقع تھی کہ کاروباری رہنماں کو بزنس کمیونٹی کے اہم مسائل پر وفاقی وزیر کے ساتھ بات چیت کا موقع فراہم کیا جائے گا لیکن بدقسمتی سے انجم نثار کے رویے سے یہ موقع ضائع ہوگیا۔ حنیف گوہر نے زور دے کر کہا، ”ڈی جی ٹی او کے خلاف الزامات بے بنیاد اور غیر منصفانہ ہیں۔ وفاقی وزیر اعجاز گوہر نے حکومت اور تاجر برادری کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے لیے لاہور چیمبر کی دعوت خوشی سے قبول کی لیکن انجم نثار کے برے رویے نے حکومت اور بزنس کمیونٹی میں فاصلے پیدا کردیے۔ حنیف گوہر نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی موجودہ انتظامیہ پربڑے پیمانے پر کرپشن کے الزامات ہیں جس کی وجہ سے ایف پی سی سی آئی شدید مالی بحران کا شکار ہے۔حنیف گوہر نے کہا کہ تجارتی وصنعتی تنظیموں پیشہ ورانہ مہارت اور شفافیت اور بے لاک تبصرے کو اہمیت حاصل ہے، انجم نثار کا وفاقی وزیر کی تقریب سے واک آوٹ کرنا تمام تاجر وصنعتی تنظیموں کے لیے باعث شرم ہے۔