اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اگلے عام انتخابات جنوری 2024کے آخری ہفتے میں کرانے کا اعلان کردیا ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جمعرات کے روز الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائز ہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27ستمبر 2023کو شائع کر دی جائے گی ۔ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات وتجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30نومبر کو شائع کی جائے گی اور اسکے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے بعد انتخابات جنوری 2024کے آخری ہفتے میں کروادیئے جائیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت اور ان کی ارا کی روشنی میں حلقہ بندی کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے اس دورانیے کو کم کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ حلقہ بندی کی حتمی اشاعت اب 30 نومبر 2023 تک کردی جائے گی۔