اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ وقت کا تقاضا ہے کہ امت کے تصور کو بحال کیا جائے اور عالمی سطح پر اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کےلئے مکالمہ کیا جائے۔ یہ بات نگران وفاقی وزیر نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر عبدالکریم العیسی سے ملاقات کے دوران کہی۔ دونوں رہنماوں نے رابطہ عالم اسلامی کے پلیٹ فارم سے امت مسلمہ کے مسائل کے حل، تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات کی۔ ۱نیق احمد نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ امت کے تصور کو بحال کیا جائے انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کےلئے جدید علوم کا حصول دینی ضروت ہے ہمیں شارٹ ٹرم اور لانگ منصوبہ بندی کی ضرورت ہے کہ امت کی غربت کا خاتمہ کیسے کیا جائے انہوں نے کہاکہ آج کے جدید مسائل میں اسلاموفوبیا، موسمیاتی تبدیلی ، الحاد کا بڑھتا ہوا طوفان ہے۔ انہوں نے غیر مسلموں کے ساتھ مکالمے کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہذیبوں کی جنگ نہیں ؛ بلکہ ایک دوسرے سے ناواقفیت کی جنگ ہے۔ ہمارا دین انسانیت اور اس کی خدمت کی بات کرتا ہے۔ پوری انسانیت اللہ تعالی کا کنبہ ہے؛ خدائی کنبہ کی خدمت ہم پر فرض ہے۔ ہم حکومتوں اور مذہبی رہنماوں کی سطح پر مکالمے کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے رابطہ عالم اسلامی کے تعاون سے پاکستان میں سیرت میوزیم کا قیام خوش آئند قرار دیا۔ سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر عبدالکریم العیسی نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا اہم ترین ملک ہے۔ پاکستان پر جب بھی نظر ڈالتے ہیں ہماری قوت میں اضافہ ہوتا ہے۔ تصور امت کے حوالے سے عالم اسلام میں پاکستان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے نومبر میں پاکستان کے دورے کے موقع پر سیرت میوزیم کا سنگ بنیاد رکھنے کا عندیہ دیا۔