لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سیکریٹری توانائی راشد لنگڑیال نے کہا ہے کہ بجلی چوری کلچر ختم کیے بغیر آرام سے نہیں بیٹھیں گے، جرم کرنے والوں کی سزا بل ادا کرنے والوں کو دینے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ راشد لنگڑیال نے سوشل میڈیا پر اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف مہم زوروں پر جاری ہے، اب تک 6 ارب روپے وصول کر لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخری 7 دن میں بجلی چوروں سے 5 ارب روپے وصول کیے اور 1500 بجلی چور گرفتار کر لیے، لیسکو نے بجلی چوروں سے 1 ارب 45 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد ریکور کر لیے۔ راشد لنگڑیال کا کہنا ہے کہ لیسکو میں 4 ہزار 928 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا، لیسکو ریجن سے اب تک 406 بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا، حیسکو نے بجلی چوروں سے 1 ارب 21 کروڑ 40 لاکھ روپے ریکور کیے۔ سیکریٹری پاور نے کہا کہ حیسکو میں 310 ایف آئی آرز اور 31 افراد کو گرفتار کیا گیا، میپکو میں 80 کروڑ 50 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی، میپکو میں 3ہزار 497 ایف آئی آرز اور 249 گرفتاریاں ہوئیں۔ ان کا یہ بھی بتانا ہے کہ سیپکو میں اب تک 70 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے، سیپکو میں 325 ایف آئی آرز کا اندراج اور 234 گرفتاریاں ہوئیں۔