نیویارک(نمائندہ خصوصی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے آئی ایم ایف کی جانب سے 3 بلین امریکی ڈالر کے سٹینڈ بائی ایگریمنٹ (ایس بی اے) کی منظوری پر اظہار تشکر کیا۔انہوں نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو حکومت پاکستان کی جانب سے ملکی معیشت کے استحکام اور بحالی کے لیے کیے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے تصدیق کی کہ ان اقدامات کا مقصد پائیدار اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے ایک مستحکم اور سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ مزید برآں معاشرے کے کمزور طبقوں کی حفاظت پر بھرپور توجہ دی گئی ہے۔ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے معیشت کی بحالی کے لیے پالیسیوں اور اصلاحات کے نفاذ میں پاکستان کی ٹھوس کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ تعلقات کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ پاکستان سے صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ امیروں سے مزید ٹیکس لیے جائیں اور غریبوں کو تحفظ دیا جائے، یہی وہ بات ہے جو پاکستان کے عوام بھی چاہتے ہیں۔ملاقات کے بعد ایم ڈی آئی ایم ایف نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم سے بہت اچھی ملاقات رہی۔انہوں نے کہا کہ آج ہم نے پاکستان کے معاشی استحکام کو یقینی بنانے، پائیدار اور جامع ترقی کو فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ملاقات میں محصولات کی وصولی کو ترجیح دینے اور پاکستان میں سب سے زیادہ کمزور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مضبوط پالیسیوں کی اہم ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔