لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیرِاعظم شہباز شریف 2 روز پاکستان میں قیام کے بعد لاہور سے لندن روانہ ہو گئے، مریم نواز بھی برطانیہ چلی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہباز شریف لاہورسے براستہ دوحہ لندن جائیں گے، مریم نواز آج شام اور شہباز شریف رات کو لندن میں پہنچیں گے۔ زرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر اپنے پارٹی قائد نواز شریف کے لیے اہم پیغام لے کر جارہے ہیں،مسلم لیگ ن کا اعلی سطح کا اہم اجلاس کل جمعہ کو لندن میں ہوگا ،مسلم لیگ ن اپنی آئندہ کی حکمت عملی کو حتمی شکل دے گی،نوازشریف اکیس اکتوبر کو وطن واپس آئیں گے یا نہیں کل کے اجلا س میں بڑافیصلہ سامنے آئے گا ،اجلاس میں آنے والے انتخابات کی حکمت عملی کیساتھ میاں نواز شریف کی واپسی سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے ،نیب کے کیسز کی بحالی سمیت دیگر سیاسی و معاشی صورتحال بھی اہم اجلاس میں زیر غور آئے گی ،میاں نواز شریف پارٹی قیادت کیساتھ مشاورت کے بعد ن لیگ کی واضح حکمت عملی کا اعلان کرسکتے ہیں، اجلاس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے مسلسل تنقید کا بھی جائزہ لیا جائیگا، کس سیاسی جماعت کیساتھ کیسے اتحاد کیا جائیگا اس پر بھی مشاورت ہوگی۔