تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی صدر نے سعودی عرب پر فلسطینیوں کے ساتھ دھوکا دہی کا الزام عائد کردیا۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے بدھ کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے موقع پر ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے فلسطینیوں کو دھوکا دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت اور خطے کے کسی بھی ملک کے درمیان تعلقات کا آغاز اگر صیہونی حکومت کے لیے سلامتی لانا ہو تو یقینا ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی ممالک اور صیہونی حکومت کے درمیان تعلقات فلسطینی عوام اور فلسطینیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہوں گے۔