اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات کا شیڈول جاری کیاگیاہے او راس کے لیے پولنگ 31 اکتوبر کو ہوگی ،کاغذات نامزدگی 29 ستمبر سے 6 اکتوبر تک جمع کرائے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 9 جبکہ اعتراضات اور اپیلیں 16 اکتوبر تک نمٹائی جائیں گی، سپریم کورٹ بار انتخابات کیلئے امیدواروں کی حتمی فہرست 18 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔حامدخان گروپ اور عاصمہ جہانگیرگروپ نے اپنے اپنے امیدوارفائنل کرلیے ہیں حتمی امیدواروں کااعلان اگلے 72گھنٹے میں کیے جانے کاامکان ہے ذرائع کاکہناہے کہ امیدواروں میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وکلائ کی تعداد زیادہ ہے جبکہ ان کے ساتھ ساتھ بعض دیگرسیاسی جماعتوں سے رابطہ کیاگیاہے حتمی فہرست کافی حدتک تیار کرلی گئی ہے۔نگران حکومت میں مقررہونے والے لائ افسران بھی اس انتخاب میں اثراندازہوسکتے ہیں ذرائع کاکہناہے کہ ان میں سے زیادہ ترلوگ عاصمہ جہانگیرکوسپورٹ کرسکتے ہیں۔شہزاد شوکت سے میاں عبدالقدوس زیادہ مضبوط امیدوار سمجھے جارہے ہیں وکلاءکی ایک بڑی تعداد انھیں سپورٹ کررہی ہے اگلے مہینے اس حوالے سے کارنرمیٹنگزکابھی آغاز ہوجائےگا۔امیدوار کوجیتنے کے لیے لاہور کے وکلائ کی اکثریت حاصل کرناضرور ی ہے وہاں ووٹرزکی تعداد باقی شہروں سے کہیں زیادہ رہی ہے آئندہ چندروزمیں ووٹ دینے کے اہل ووٹرزکی فہرست بھی سامنے آجائیگی۔پاکستان بار کونسل میں پی پی وکلائ کوغالب اکثریت حاصل ہے ن لیگ اور جے یوآئی ف بھی ان کے ساتھ اس معاملے میں معاونت کرتے ہیں اور ان کی کامیابی میں کرداراداکرتے ہیں دوسری جانب سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی موجودہ باڈی میں پی ٹی آئی اورحامدخان گروپ کااچھاخاصااثرورسوخ ہے مقابلہ کانٹے کاہوگا۔کراچی ،حیدرآباد، ملتان ،بہاولپور،ایبٹ آباد،پشاور ،راولپنڈی ا سلام آباد،کوئٹہ ،کے وکلائ اپناحق رائے دہی استعمال کریں گے۔