اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) سعودی مسلح افواج کے چیف آف دی جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف اسٹاف وائس ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معزز مہمان نے باہمی تعاون کے ذریعے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔ دونوں معززین نے پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کی مابین حال ہی میں الجبیل میں منعقد ہونے والی مشق نسیم البحر-14 کے کامیاب انعقاد کو سراہا اور دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔سعودی مسلح افواج کے چیف آف دی جنرل اسٹاف کا دورہ نیول ہیڈ کوارٹرز دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔