کراچی (نمائندہ خصوصی)ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ منظور علی شیخ کی سربراہی میں پراپرٹی ٹیکس کلیکشن کے موضوع پر جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے افسران نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سندھ کابینہ کی باقاعدہ منظوری سے پراپرٹی ٹیکس کا شعبہ محکمہ بلدیات سندھ کو منتقل ہوچکا ہے جس کے تحت سندھ کے تمام اضلاع میں جائیدادی ٹیکس کی وصولی محکمہ بلدیات سندھ کے ذریعے یقینی بنائی جارہی ہے۔اس موقع پر شرکا اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات منظور علی شیخ کا کہنا تھا کہ پراپرٹی ٹیکس کلیکشن کا عمل تمام رہائشی و کمرشل جائیدادوں سے بنا کسی تعطل کے یقینی بنایا جائے، تمام ڈسٹرکٹس، ٹاونز اور یونین کونسل کی سطح تک جائیدادی ٹیکس چالان بروقت پہنچائے جائیں، تمام پراپرٹی ٹیکس چالانوں پر واضع الفاظ میں درست پتے درج ہونے چاہئیں، جن سرکاری عمارتوں اور اداروں کو پراپرٹی ٹیکس سے مستشنی حاصل ہے ان کی الگ سے فہرست مرتب کرکے ان کو کوئی بھی چالان نہ بھیجا جائے،پاکستان پوسٹ کے کسی بھی قسم کے واجبات بروقت کلئیر کئے جائیں، واپس آنے والے چالانوں کا مکمل ڈیٹا وجوہات کے ساتھ مرتب کیا جائے۔منظور علی شیخ کا مزید کہنا تھا کہ پراپرٹی ٹیکس چالانوں کی ادائیگی کے لئے مزید بینک اکاوئنٹس فوری طور پر کھولے جائیں اور حاصل ہونے والے ریونیو کو بتدریج بڑھانے پر توجہ مرکوز رکھا جائے۔ میٹنگ میں اسپیشل سیکرٹری بلدیات عثمان معظم نے بھی ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات منظور علی شیخ کو پراپرٹی ٹیکس چالان کے حوالے سے ہونے والی ماضی کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔