اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) رضا ربانی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن غیر یقینی صورتحال ختم کرنے کیلئے انتخابی شیڈول کا اعلان کرے۔ تفصیلات کے مطابق رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر رضا ربانی نے الیکشن کمیشن سے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا مطالبہ کر دیا۔ اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 224 میں نگران حکومت کے کردار کا تعین کیا گیا۔نگران حکومت کا کام منصفانہ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی مدد کرنا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ نگران حکومت کا کام الیکشن کمیشن کی معاونت کر کے 90 دن میں شفاف الیکشن کرانا ہے،الیکشن کمیشن آئین و قانون کے مطابق انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔ رضا ربانی نے کہا کہ نگران حکومت کا سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل آئین سے ماورا ہے،نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کا دورہ چین اور نئی سرمایہ کاری کے مواقع کی بات آئین سے منافی ہے۔یاد رہے کہ اس سے پہلے رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر رضا ربانی نے نگران حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ نگران حکومت ملکی خود مختاری کے تحفظ میں ناکام رہی ہے،مغربی ممالک پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرتے رہتے ہیں۔