راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل انور علی حیدر(ریٹائرڈ)سے یواین ایچ سی آر کے ریجنل بیورو برائے ایشیا و بحرالکاہل کے ڈائریکٹر مسٹر اندریکا رتواٹے نے وزارت دفاع راولپنڈی میں ملاقات کی ہے ۔جاری بیان کے مطابق اس موقع پر زیر دفاع نے کہا کہ پاکستان UNHCR اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے تاکہ افغان پناہ گزینوں کے لیے پائیدار حل تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ترقی پذیر ملک کے طور پر ہمارے متعدد چیلنجز کے باوجود پاکستان کا افغان مہاجرین کا کئی دہائیوں سے انتظام ایک کامیابی کی کہانی ہے۔وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ ہم نے اپنے افغان بھائیوں کو تعلیمی اور طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ تجارتی خدمات تک رسائی فراہم کی ہے۔ افغان پناہ گزینوں کی صورتحال کو پس پشت نہیں ڈالنا چاہیے، کیونکہ بین الاقوامی میدان میں نیا بحران ابھر رہا ہے۔ بین الاقوامی برادری کو میزبان ممالک کو مناسب اور پائیدار مالی مدد فراہم کرنا جاری رکھنی چاہیے۔وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ واپس آنے والے پناہ گزینوں کے لیے اضافی مالی مدد کے راستے تلاش کرنے اور ان کی واپسی اور افغانستان میں دوبارہ انضمام کی ترغیب دینے کے لیے UNHCR کی مدد اہم ہے۔ دونوں اطراف نے سلامتی اور باہمی مفادات کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔