بیجنگ(نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعلی محسن نقوی نے چین کے صوبے ننشیا کے دارالحکومت ین چوان کے یوہائی کنونشن سنٹرمیں منعقدہ تیسری ننشیاانٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیز فورم میں شرکت کی۔رپورٹ کے مطابق یوہائی کنونشن سنٹر پہنچنے پر ننشیاکیمونسٹ پارٹی کے چیئرمین ڑانگ یوپو اور سیکرٹری جنرل لیانگ یانشون نے وزیراعلی محسن نقوی اور سرکاری وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔وزیراعلی محسن نقوی تیسری ننشیاانٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیز فورم کے مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلی محسن نقوی کے اعزاز میں انٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیز فورم کی جانب سے استقبالی ظہرانہ دیاگیا۔ محسن نقوی نے تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ننشیا انٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیزفورم میں شرکت کوپنجاب کی عوام کا اعزاز سمجھتا ہوں۔ چین کا رویہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دوستانہ رہاہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ پاکستان اور عوام کے ساتھ دلی لگاو رکھتے ہیں۔محسن نقوی نے کہاکہ پنجاب 14کروڑ افراد کا صوبہ ہے جہاں ترقی کے بے شمار مواقع منتظر ہیں۔ ننشیا میں تعاون اور ترقی کے نئے راستے سامنے آئیں گے۔ پنجاب کے سرکاری وفد کی چین آمد کامقصد مختلف شعبوں کے ماہرین سے ملاقات اور تبادلہ خیال ہے۔ انٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیزفورم کی بدولت اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل رہا ہے۔ننشیاکیمونسٹ پارٹی کے چیئرمین / گورنر ڑانگ یوپونے کہاکہ وزیراعلی محسن نقوی اور پنجاب کے وفد کا کھلے دل سے خیر مقدم کرتے ہیں۔ننشیاکیمونسٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل/چیف منسٹر لیانگ یانشون نے وزیراعلی محسن نقوی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے تعاون کو فرض عین سمجھتے ہیں۔