اوکاڑہ(بیورو رپورٹ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں بہت سے مسائل ہیں ، ہم نے سلیکٹڈ راج کیخلاف تحریک چلائی ، چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل بھیجنے سے مسائل ختم نہیں ہوئے ،اس وقت ملک میں معاشی و سیاسی بحران ہے ،ہم نے ماضی میں ملک کی تباہ حال معیشت کو ٹھیک کیا ،پیپلز پارٹی ایک خاندان کی طرح ہے ہر طبقے کا خیال رکھتی ہے ،ملک میں مہنگائی ضرور ہے غریب کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے ،سیاسی میدان میں اس وقت پیپلزپارٹی ہی ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے،پیپلز پارٹی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسا انقلابی پروگرام شروع کیا ۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اوکاڑہ میں پریس کانفنرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی مانے یا نہ مانے ملک میں سیاسی و معاشی بحران ہے۔امن و امان اور دہشت گردی کی صورت میں چیلنجز کا سامنا ہے،ماضی میں پیپلز پارٹی کو جب ذمہ داری سونپی گئی تو اس وقت بھی معاشی بحران تھا،پی پی حکومت نے بحران کو سمجھا اور مری ہوئی معیشت کو زندہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے درآمدات کو برآمدات میں تبدیل کیا،پی پی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسا انقلابی منصوبہ شروع کیا۔ ماضی میں جو اچھے اقدامات اٹھائے تھے وہ ایک بار پھر کر کے دکھائیں گے۔انہوں نے چیف جسٹس قاضی فائز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کا اہلیہ کے ساتھ کھڑے ہو کر حلف لینا پاور فل میسج ہے،امید ہے نئے چیف جسٹس کے آنے سے ادارے میں بہتری آئے گی۔بلاول بھٹو کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں جلد سے جلد الیکشن کرائے جائیں،پیپلز پارٹی کبھی الیکشن سے نہیں بھاگی۔ دیوار سے لگانے کی کسی بات سے فکر مند نہیں ہیں،پیپلز پارٹی کو کسی دیوار سے نہیں لگایا جا رہا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جب ذوالفقار بھٹو کو پھانسی دی گئی تب کہا جا رہا تھا کہ پیپلز پارٹی کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، شہید بے نظیر کی تدفین کر کے الیکشن سے پیچھے نہیں ہٹے اور آج بھی ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ انتخابات کروائے جائیں۔الیکشن شیڈول آجائے تو پھر سوال کر سکتے ہیں کونسا اتحاد کر رہا ہوں،چیف الیکشن کمشنر سے درخواست ہے ہمیں انتخابات کی تاریخ دیں۔ بلاول بھٹو نے قائد مسلم لیگ ن کی واپسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک نواز شریف کی واپسی کی بات ہے تو یہ پی پی کا پرانا مطالبہ ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ سی ای سی اجلاس میں لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے اعتراضات زیر بحث آئے تھے۔ لیول پلیئنگ فیلڈ پر اعتراضات اٹھانے کا ٹاسک آصف زرداری کو دیا ہے،آصف زرداری سے درخواست ہے کہ میرے ہاتھ نہ باندھے جائیں۔ عمران خان کیخلاف کیسز پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل بھیجنے سے ملکی مسائل ختم نہیں ہوئے۔