اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ سینیٹ اجلاس طلب کر کے ملکی خود مختاری پر حملوں اور دیگر مسائل پر بحث کی جائے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ نگران حکومت ملکی خود مختاری کے تحفظ میں ناکام رہی ہے،مغربی ممالک پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرتے رہتے ہیں۔مغربی ممالک کی مداخلت صرف الیکشن انعقاد تک محدود نہیں،سفارتکاروں نے سیاسی جماعتوں کے دفاتر کے دوروں کا بیان دیا ہے۔ہم ایک خود مختار ملک کے قابلِ فخر لوگ ہیں۔ رضا ربانی نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کا اجلاس فوری طور پر طلب کیا جائے،سینیٹ میں ملکی خود مختاری پر حملوں اور دیگر مسائل پر بحث کی جائے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سابق چیئرمین سینیٹ اور رہنما پیپلز پارٹی رضا ربانی نے سینیٹ اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ ملکی حالات سینیٹ اجلاس طلبی کا مطالبہ کرتے ہیں۔معاشی صورتحال،ذخیرہ اندوزی،دہشت گردی اور مہنگائی کو سینیٹ میں زیرِ بحث لایا جائے۔ انکا کہنا تھا کہ چترال میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات انتہائی سنگین ہیں،مسلح افواج کو چترال میں کارروائی کیلئے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ رضا ربانی نے کہا کہ نگران دورِ حکومت میں سینیٹ کو پارلیمانی نگران کو کردار ادا کرنا ہوتا ہے۔ نگران حکومت سینیٹ کو ایس آئی ایف سی کے فیصلوں پر اعتماد میں لے،جبکہ سینیٹ کو آئی ایم ایف کو ارسال کردہ سفارشات پر بھی اعتماد میں لیا جائے۔ جبکہ ملکی سیاسی و معاشی حالات میں سینٹ اجلاس بلانے پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں اختلاف کی خبریں گردش کر رہی ہیں،ن لیگ موجود حالات میں سینیٹ اجلاس بلانے کی ریکوزیشن کی مخالف ہے۔