کراچی(نمائندہ خصوصی) آئی جی سندھ پولیس راجہ رفعت مختار نے کہا کہ حضور خاتم النبیین کی ذا ت تمام انسا نیت کیلئے رحمت ہے۔کامیاب زندگی گزارنے کیلئے اسوہ رسالت انسانیت کیلئے نمونہ ہے۔انہو ں نے کہا کہ ربیع الاول میں میلاد النبی کی تقریبات جلسے و جلوس کی سیکیورٹی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مرکز اھلسنّت میمن مسجد مصلح الدین گارڈن میں امیر جما عت اہلسنّت کراچی علامہ سید شاہ عبد الحق قادری سے ملاقات میں کیا ۔آئی جی سندھ نے عاشقان ِ رسول کو جشن عید میلاد النبی کے پر امن انعقاد کے حوالے سے پولیس کے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ آئی جی صاحب کو پروجیکٹر کے ذریعے مرکزی جلوس کے روٹ اور سیکیورٹی انتظامات اور درپیش مسائل سے متعلق آگاہی دی گئی۔ علامہ شاہ عبد الحق قادری نے کہا کہ کراچی غلامان مصطفی کا شہر ہے عاشقان مصطفی اپنے نبی کا میلاد قیامت تک مناتے رہیں گے۔ عید میلادالنبی کاجشن تعظیم و توقیر نبی کا آئینہ دار ہوا کر تا ہے، عظمت مصطفی کے عَلم کو بلند رکھنا اہل ایمان کا طرہ امتیاز ہے۔ شاہ عبد الحق نے آئی جی سندھ کو نو تعمیر میمن مسجد کا وزٹ کرایا،اجرک اور کتابوں کا تحفہ پیش کیا نیز آئی جی رفعت مختار نے افسران کے ساتھ پیر طریقت علامہ مصلح الدین صدیقی،پیر طریقت علامہ سید شاہ تراب الحق قادری علیہ الرحمہ کے مزارات پر گل پاشی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر علامہ رئیس قادری،سید رفیق شاہ مفتی بلال قادری ،سید مصطفی میاں،علاقہ ایس ایچ او دیگر بھی موجود تھے۔