کراچی (نمائندہ خصوصی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی بھر میں کہیں بھی پانی کے غیر قانونی کنکشن پائے گئے تو انہیں فوری کاٹ دیا جائے گا، کنکشن منقطع کرنے کے ساتھ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو اس کے ذمہ داروں کے ٹینک بھی ضبط کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے، یوسی10 بلدیہ ٹاون کے گراونڈ کو ترقی دے کر ککری گراونڈ کی طرز پر جدید اسپورٹس کمپلیکس بنایا جائے گا، لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس میں باسکٹ بال، اسکواش کورٹ، سوئمنگ پول سمیت تمام سہولیات کو فعال کیا جائےگا تاکہ لانڈھی کورنگی کے نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولت فراہم کی جا سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی10 بلدیہ ٹاون کے گراونڈ اور لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کے دورے کے موقع پر کیا، میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سید صلاح الدین، ٹاون چیئرمین کریم آسکانی، یوسی چیئرمین محمد اکرم اعوان اور دیگر افراد بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ ٹاون میں گراونڈ کا معائنہ کیا اور وہاں سے گزرنے والے سیوریج لائن کے نظام کو درست کرنے اور سیفٹی ٹینک بنانے کی ہدایت کی تاکہ اس پانی کو گراونڈ میں سبز ہ کاری کے لئے استعمال کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے انجینئرز کی زیر نگرانی گراونڈ کو اپ گریڈ کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ محکمہ پارکس یہاں شجر کاری کے لئے اقدامات کرے گا، انہوں نے کہا کہ بلدیہ ٹاون کی یوسیز میں پانی و سیوریج کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، میں جب بھی یہاں آتا ہوں تو مجھے بڑی خوشی ہوتی ہے کہ یہاں سب لوگ مل کر کام کرتے ہیں خواہ ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہوجو کہ ایک خوش آئند ہے، شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے ہمیں اسی طرح کے طرز عمل کی ضرورت ہے۔