اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین نیپرا نے کہاہے کہ توانائی شعبے میں فری مارکیٹ لا رہے ہیں، صارف جس کمپنی چاہے بجلی خریدے، بجلی قیمتیں کم کرنے کیلئے سٹاف کیخلاف کارروائی،پرائیویٹ سیکٹر لانا ضروری ہے،حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہمیں کچھ تلخ فیصلے کرنا ہوں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیپرا وسیم مختار نے کہا کہ بجلی قیمتوں کو مزید بڑھنے سے روکنے کیلئے بجلی چوری روکنا ہوگی، بجلی چوری کرنے والے کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ ہمیں کچھ تلخ فیصلے کرنا ہوں گے، توانائی کے شعبے میں فری مارکیٹ لا رہے ہیں، صارف جس کمپنی سے بجلی خریدنا چاہے خریدے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت بجلی کی پیداواری صلاحیت 48ہزار میگاواٹ ہے، این ٹی ڈی سی کسی بھی پلانٹ کی پیداواری قیمت دیکھ کر بجلی حاصل کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اوور بلنگ کی روک تھام کیلئے کمیٹی بنا دی ہے، بجلی قیمتیں کم کرنے کیلئے اسٹاف کیخلاف کارروائی،پرائیویٹ سیکٹر لانا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ بجلی ریٹ کا فیصلہ عوامی سماعت کے بعد کیا جاتا ہے، نیپرا نے کبھی کوئی فیصلہ بند کمرے میں نہیں کیا، بجلی قیمتوں میں اضافہ کی پٹیشن پر عوامی سماعت ہوتی ہے جس کے بعد قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔