کراچی( نمائندہ خصوصی) ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین کی ہدایت پر سندھ فوڈ اتھارٹی کی آپریشنل ٹیموں نے سرکاری اور نجی اسپتالوں کی کینٹینوں کا اچانک دورہ کیا ان دوروں کا مقصد وہاں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔ سند فوڈ اتھارٹی کی مختلف ٹیموں نے ڈاؤ اسپتال ، ادارہ امراض قلب کراچی ، کینسر فاؤنڈیشن اسپتال، سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال، انڈس، سیفی اسپتال، عباسی، کلثوم والیکا سوشل سیکورٹی سائٹ، مرشد اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں کا دورہ کیا۔ صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر متعدد اسپتالوں کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے اور سندھ فوڈ اتھارٹی سے لائسنس حاصل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ ان کینٹینز کی انتظامیہ کو ایک ہفتے کے اندر صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی گئی بصورت دیگر ان پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے تمام سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے کینٹین مالکان سے کہا ہے کہ وہ سندھ فوڈ اتھارٹی کی ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔