اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان اور جنوبی افریقا کے سفارتی تعلقات میں تنازع پیدا ہو گیا، دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے سفارتخانوں کی گاڑیوں کے ٹرانسفر، رجسٹریشن پر غیر اعلانیہ پابندی لگا دی ہے۔ذرائع کے مطابق جنوبی افریقا کے محکمہ ریونیو سروسز نے پاکستانی سفارتخانے کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا۔ذرائع کے مطابق جنوبی افریقا میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں پر بیرون ممالک سے منگوا کر گاڑیاں خلاف ضابطہ فروخت کا الزام ہے۔جنوبی افریقا میں پاکستانی سفیر مظہر جاوید اور سابق نائب سفیر عدنان جاوید بھی الزامات کی زد میں ہیں تاہم پاکستانی سفیر مظہر جاوید اور سفارت کار عدنان جاوید نے رابطے پر ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھی جوابی طور پر جنوبی افریقا کے سفارت خانے کی گاڑیوں کی رجسٹریشن و ٹرانسفر پر بھی پابندی عائد کردی جبکہ محکمہ ریونیو جنوبی افریقا میں پاکستانی سفارت کاروں کیخلاف الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔