تہران (شِنہوا) ایران میں کھیلوں کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ ہانگ ژو ایشیائی کھیل میزبانی کے اعتبار سےتاریخ کا بہترین ایڈیشن ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار ایرانی قومی اولمپک کمیٹی کے سیکرٹری جنرل سعید مناف ہاشمی نے ایرانی دارالحکومت تہران میں چینی سفارت خانے میں چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کے ثقافتی ورثہ اور سیاحتی فروغ بارے ایک تقریب میں شِںہوا کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ متعدد مرتبہ چین جاچکے ہیں اور اس کا مشاہدہ کیا ہے کہ چین کس طرح ذاتی طور پر کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کرتا ہے۔ آمدہ ایشیائی کھیلوں کی میزبانی دیگر کھیلوں سے بہت مختلف ہوگی۔ انہوں نے ہانگ ژو کا دورہ کیا ہے اور ذاتی طور پر وہ سہولیات اور تیاریاں دیکھی ہیں جو ان مقابلوں کے لئے مہیا کی جارہی ہیں۔
ہاشمی نے چین میں کھیلوں کی میزبانی کو "مکمل ” قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ چین کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی سے متعدد مقاصد حاصل کررہا ہے جس میں سیاحت کا فروغ ، فنون کے میدان سمیت مختلف شعبوں میں ملکی صلاحیتوں کو پیش کرنا ، اپنی بیرونی تجارت ، تبادلے اور معیشت کا فروغ شامل ہے۔
کھیلوں کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بارے انہوں نے کہا کہ ایران اس شعبے میں چین کے ساتھ اچھے روابط کا خواہشمند ہے۔ ہم ایرانی کھیلوں کے مقامات اور ان سے منسلک سہولیات کو معیاری بنانے میں چینی مہارت اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں جو کھلاڑیوں کو ایشیائی اور اولمپک کھیلوں میں بھیجتی ہیں۔
ہاشمی نے ایشیائی کھیلوں کی میزبانی پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ چین، اس کی حکومت اور عوام مختلف تقریبات کی بہترین انداز سے میزبانی کرتے ہیں اور وہ بہت مہمان نواز ہیں۔