اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ جن افغان مہاجرین کے پاس ویزا یا دستاویز نہیں انہیں فوری واپس بھیجیں گے،ہماری فیملی ٹری میں گھس کر شناختی کارڈ بنوانے والوں کا بھی پتہ لگا رہے ہیں۔ایک بیان میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہمیں پتا ہے افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ بلیک مارکیٹ میں جگہ جگہ فروخت ہورہاہے، بی ایل اے، ٹی ٹی پی اورداعش تینوں کے پاس یہ اسلحہ موجودہے۔انہوں نے کہا کہ نان سٹیٹ ایکٹرز اس اسلحے کو استعمال کررہے ہیں،پنجگور اور نوشکی میں جو حملے ہوئے ان میں بھی یہی اسلحہ استعمال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جن افغان مہاجرین کے پاس ویزا یا دستاویز نہیں انہیں فوری واپس بھیجیں گے، کچھ لوگوں نے ہماری فیملی ٹری میں گھس کر شناختی کارڈ بنائے، ایسے لوگوں کا پتا لگانے کے لئے مشق چل رہی ہے۔