قاہرہ(نمائندہ خصوصی)بین الاقوامی دفاعی جنگی مشق برائٹ اسٹار مصر میں جاری ہے ، برائٹ اسٹار کی اختتامی تقریب 17 ستمبر کو منعقد ہوگی، پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیارے برائٹ اسٹار مشق میں شریک ہیں۔تفصیلات کے مطابق محمد نجیب ایئربیس پر مشقوں میں 34 ممالک کے 8 ہزار کے لگ بھگ اہلکار شریک ہوئے ہیں، ایکسرسائز برائٹ اسٹار میں 15 ممالک بطور مبصر شریک ہیں، یہ مشرق وسطی میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی اور پرانی جنگی مشقیں ہیں، اور تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت کی فضائی افواج ایک ساتھ کسی جنگی مشق میں شریک ہیں۔بھارتی فضائیہ کے 5 مگ 29، دو سی 17 اور دو الیوشن 78 ٹینکر طیارے مشق میں شامل ہیں، ذرائع کے مطابق برائٹ اسٹار کے دوران پاکستان اور بھارتی ایئر فورس کے درمیان مشترکہ فلائنگ مشنز نہیں رکھے گئے، مشقوں کے دوران پاکستان ایئر فورس اسکندریہ اور بھارتی فضائیہ قاہرہ میں متعین رہیں۔النجم الساطع 2023 یا برائٹ اسٹار میں مختلف ممالک کے زمینی دستے، آرمرڈ وہیکلز، آرٹلری یونٹس شریک ہیں، بحری اور فضائی اثاثوں کے ساتھ میزبان مصر اور امریکا کی اسپیشل فورسز کے دستے بھی مشقوں کا حصہ ہیں، ان مشقوں کی قیادت یو ایس سینٹرل کمانڈ اور مصرکی فوج کر رہے ہیں۔برائٹ اسٹار مشق کا پہلا ایڈیشن 1980 میں مصر میں منعقد کیا گیا تھا، اس کو 1995 کے بعد سے دیگر ممالک کی شرکت کے لیے وسعت دی گئی، یو ایس سینٹ کام کے مطابق مشق کا مقصد دفاعی تعاون کو وسعت دینا ہے۔جاری مشق میں انسداد دہشت گردی، ٹیکٹیکل، آپریشنل، اور اسٹرٹیجک لیول پر جنگی آپریشنز کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد کی مشقیں کی گئیں، مشترکہ فضائی آپریشنز کی منصوبہ بندی اور انعقاد بھی مشترکہ مشقوں کا حصہ رہا۔