ڈلاس ٹیکساس(نمائندہ خصوصی)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے پاکستانی امریکن کمیونٹی سے کہا ہے کہ وہ اپنی بنیاد سے منسلک رہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب متحد ہونے کا وقت ہے ، مادر وطن کی حمایت کریں اور اس منفیت کو مسترد کریں جو مایوسی پیدا کرنے کے لیے پھیلائی جا تی ہے۔ اگر ہم تقسیم ہو گئے تو ہم کمزور پڑ جائیں گے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔ ہم مل کر اسے دنیا کی صف اول کی معیشت اور مضبوط ترین قوموں میں سے ایک قوم بنانے کی منزل تک لے جائیں گے۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے یہ باتیں ڈیلاس ٹیکساس میں پاکستانی کمیونٹی کے رہنما ڈاکٹر راؤ کامران علی کی رہائش گاہ پر پاکستانی نژاد امریکیوں سے بات چیت کے دوران کہی ۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے پاک امریکہ تعلقات میں بتدریج بہتری اور مختلف شعبہ جات میں اعلیٰ سطحی ڈائیلاگ جیسی مثبت پیش رفت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں تعاون دوطرفہ تعلقات کا سب سے اہم جزو اور باہمی رشتوں کا مضبوط ترین بندھن ہے۔ انہوں نے امریکہ کے مختلف تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں میں 8500 سے زائد پاکستانی طلباء کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی طلباء کی تعداد کو دوگنا کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے سائنس ، ریاضی انجنیئرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستانی طلباء کو تعلیمی مواقعوں کی فراہمی اور اس کے مثبت اثرات کا خصوصی ذکر کیا۔مسعود خان نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی امریکہ اور پاکستان میں خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ کامیابیوں اور دوطرفہ تعلقات پر اس کے مثبت اثرات کو اجاگر کیا۔
سفیر پاکستان نے امریکہ کے سیاسی افق اور پبلک سیکٹر میں پاکستانی امریکن ککے بڑھتے ہوئے کردار کا بھی ذکر کیا۔
کمیونٹی رہنماؤں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے معدنیات، کان کنی، تیل اور گیس، تعلیم، صحت، فارماسیوٹیکل، بائیو ٹیکنالوجی اور معیشت کے دیگر شعبہ جات کا ذکر کیا جہاں منافع بخش کاروبار کے یقینی مواقع موجود ہیں۔
قبل ازیں سفیر پاکستان نے امریکی ایوان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے رکن کانگریس مین کیتھ سیلف سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے رکن کانگریس کا شکریہ ادا کیا۔