لندن ( نیوز ڈیسک )
برطانیہ میں بیروزگاری اور مہنگائی کی شرح میں اضافے کے بعد معروف ریٹیل چین (سپر اسٹورز) ولکو لمیٹڈ نے بھی اپنے مراکز بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔برطانیہ میں جہاں بڑی کمپنیوں کی طرف سے ملازمتیں اور کاروبار ختم کرنے کا عندیہ دیا جا رہا ہے۔ وہیں ولکو لمیٹڈ کے بارے میں بھی یہی کہا جارہا ہے کہ وہ اگلے ماہ برطانوی مارکیٹ سے غائب ہوجائے گا۔غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹریڈ یونین جی ایم بی کے رہنما نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ برطانوی ریٹیل چین ولکو لمیٹڈ مختلف گھریلو سامان کی فروخت کا بڑٖا ادارہ ہے، اس کے 400 ہوم ویئر اسٹورز کا سلسلہ بند ہونے سے ادارے کی ساڑھے 12 ہزار ملازمتیں بھی ختم ہوجائیں گی۔جی ایم بی یونین رہنما نے ولکو کے منتظمین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اسٹورز اکتوبر کے اوائل تک جبکہ دو دیگر مراکز اگلے ہفتے جمعہ کو بند ہوجائیں گے جس کا مطلب ہے کہ اب تمام ساڑھے 12 ہزار ملازمین کے بےروزگار ہونے کا قوی امکان ہے۔واضح رہے کہ ولکو لمیٹڈ نے1930 میں وسطی انگلینڈ میں ہارڈ ویئر اسٹور کے طور پر اپنے کاروبار کا آغاز کیا تھا، یہ ادارہ برطانیہ کے سخت معاشی ماحول اور مالی بحران کے سبب تنزلی کی جانب تیزی سے گامزن ہوا، اس کے علاوہ ناکامی کی بڑی وجہ بلند افراطِ زر اور شرح سود میں اضافہ بھی قرار دیا جارہا ہے۔دوسری جانب اس حوالے سے جب ولکو لمیٹڈ کے منتظمین سے ان کا مؤقف جاننے کیلئے رابطہ کیا گیا تو ان کی جانب سےدرخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔