اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق وزیرا طلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عارف علوی صدارتی مدت پوری ہونے پر ایوان صدر خالی کرنے کی تاریخ دیں۔ اپنا بوریا بستر اٹھائیں اور پی ٹی آئی سیکریٹریٹ منتقل ہوجائیں کیونکہ یہ ریاستی ، معاشی دہشت گرد اور سازشی الیکشن نہیں صرف ملک میں معاشی ، سیاسی اور آئینی برہان چاہتے ہیں۔ عوامی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چار سال معیشت تباہ اور ملک کو ڈیفالٹ کرنے والوں کا کٹھ پتلی ملک میں ایک نیا آئینی بحران پیدا کرنے پرتلی ہے جس کا انہیں کوئی اختیار ہے نہ ہی سیاسی و اخلاقی جواز حاصل ہے۔ چار سال ملک کے ساتھ معاشی اور ریاستی دہشت گردی کرنے والے 16 ماہ کے معاشی سیاسی اور خارجی پالیسی کےاستحکام کے خلاف سازش کرنے والے ہیں. ملک میں امن اور استحکام جیل میں بیٹھے ریاستی اور معاشی دہشت گرد سے برداشت نہیں ہو رہا ہے،انہوں نے کہا کہ عوام کی ترقی، روزی، روٹی کے دشمن آج کے حالات کے ذمہ دار ہیں۔ خود غرض سازشی موقع ملتے ہی ملک اور عوام پر ایک نیا وار کرتے ہیں۔یہ ملک میں افراتفری، ٹکراو¿ اور گند ڈالنے کی ایک اور مذموم کوشش ہے۔ آئینی منصب کی آڑ میں ایک اور 9 مئی کی تیاری دکھائی دے رہی ہے۔ پٹرول بم، شہدا اور قومی یادگاروں کی بے حرمتی، انارکی اور 9 مئی کی سازشوں کے وار کئے۔ ملک میں افراتفری اور فساد کی یہ سازش بھی ناکام ہو گی، ان شاءاللہ۔