اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعہ کو سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کرنے والے پیپلز پارٹی کے وفد میں سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور سید خورشید شاہ شامل تھے۔
ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتِ حال اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ملک میں بجلی کے بحران، سندھ اور بلوچستان کو پانی کی کم فراہمی پر گفتگو بھی کی گئی۔اس موقع پر تینوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت جلد بجلی کے بحران پر قابو پا لے گی۔مولانا فضل الرحمن، یوسف رضا گیلانی اور خورشید شاہ نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ اتحادی حکومت جلد حل طلب معاملات خوش اسلوبی سے حل کر لے گی۔