لاہور (نمائندہ خصوصی) لیسکو کی جانب سے بجلی چوروں کی خلاف ہونیوالے گرینڈ آپریشن نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ کمپنی کے لائن لاسز میں مسلسل کمی کے باوجود کروڑوں روپے کی بجلی چوری نے سوالات اٹھا دیئے ہیں۔ بڑے پیمانے پر بجلی چوری ہونے کے باوجود ماہانہ اور پروگریسو لائن لاسز میں کمی سامنے آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سسٹم سے یونٹس چوری ہونے کے باوجود ریکارڈ میں نتائج کو مرتب کیا گیا ، چوری شدہ یونٹس کو مختلف صارفین کو اووربلنگ کی صورت میں مکمل کیا گیا ۔وفاقی حکومت نے لیسکو سمیت دیگر کمپنیوں میں بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا ،گرینڈ آپریشن کے دوران سب سے زیادہ بجلی چوری لیسکو کے علاقے میں پکڑی گئی ،سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے بجلی چوری کے اعدادوشمار جاری کئے ہیں جس کے مطابق لیسکو میں چار روز کے دوران 1159 افراد کو بجلی چوری کرتے پکڑا گیا جبکہ بجلی چوروں کو 16کروڑ روپے کے ڈی ٹیکشن بل چارج کئے گئے۔